برامپٹن (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے برامپٹن کا دورہ کرتے ہوئے”بلڈ کمیونٹیز اسٹرونگ فنڈ” کے تحت ایک بڑے کمیونٹی منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
برامپٹن ساؤتھ سے ایم پی سونیا سدھو کے حلقے میں”ایمبلٹن کمیونٹی سینٹر اینڈ پارک” منصوبے کیلئے 64 ملین ڈالر کی وفاقی سرمایہ کاری کی جائیگی۔منصوبے کے تحت 1 لاکھ 75 ہزار مربع فٹ پر مشتمل جدید کمیونٹی سینٹر تعمیر کیا جائیگاجس میں سوئمنگ پول، جمنازیم، فٹنس سینٹر، بچوں کی نگہداشت کی سہولت اور دیگر کمیونٹی سرگرمیوں کیلئےجگہ شامل ہوگی۔
سونیا سدھو کا کہنا ہے کہ ایسے مقامات میں سرمایہ کاری جہاں خاندان اکٹھے ہوتے ہیں، سیکھتے ہیں اور ترقی کرتے ہیں، پوری کمیونٹی کو مضبوط بناتی ہے، یہ منصوبہ برامپٹن ساؤتھ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔یہ منصوبہ “بلڈ کمیونٹیز اسٹرونگ فنڈ” کے تحت ملک بھر میں شروع کیے جانیوالے 13 منصوبوں میں پہلا ہے، جس کا مقصد مقامی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا، بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ حکومت بڑے منصوبوں کے ذریعے کمیونٹیز کو مضبوط بنانے کے مشن پر ہے اور اس فنڈ کے تحت ہاؤسنگ، اسپتالوں، ٹرانزٹ، پلوں اور کمیونٹی سینٹرز جیسے منصوبوں کو آگے بڑھایا جائیگا تاکہ کینیڈا کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

