تہران ( ایرانی میڈیا، عرب میڈیا)امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار جنگ بندی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تہران پہنچ گئے، جہاں ان کی ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے اہم ملاقات ہوئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی اپنے دورۂ ایران کے دوران ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی پہنچائیں گے۔ ملاقاتوں میں خطے کی سلامتی، سفارتی پیش رفت اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حالیہ صورتحال پر سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کیلئےفیلڈ مارشل کا خصوصی خط لے کر آیا ہوں۔یہ بات وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کہی۔انہوں نے کہا کہ وہ سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کیلئےوزیراعظم شہباز شریف کا پیغام لے کر تہران آئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران روانگی سے قبل وزیر داخلہ نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات سمیت علاقائی صورتحال پر مشاورت کی گئی، جبکہ وزیراعظم نے انہیں اس حوالے سے خصوصی ہدایات بھی دیں۔
عرب میڈیا کے ذرائع کے مطابق محسن نقوی اپنے دورے کے دوران مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کے امکانات پر بھی بات چیت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے منجمد فنڈز سے متعلق بعض معاملات میں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم فنڈز کی مجموعی مالیت اور ان کی ممکنہ بحالی کے وقت سے متعلق اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔

