پشاور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق قرضے پر قرضے لے رہا ہے، مشکل عوام کیلئے بڑھ رہی ہے۔پشاور کے پشتخرہ چوک انڈرپاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ 4 سال میں پٹرول 200 روپے سے زیادہ مہنگا ہوا ہے، جبکہ اسی عرصے میں سفید پوش طبقہ بھی غربت کی لکیر سے نیچے چلا گیا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے نہ آئین توڑا، نہ سپریم کورٹ پر حملہ کیا، ہم نے یہ بیان بھی نہیں دیا کہ ہمیں بھارت سے نہیں بلکہ دیگر صوبوں سے خطرہ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور میں بہترین ترقیاتی کام جاری ہیں اور منصوبے مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیے جائیں گے۔ پشتخرہ چوک کا نام تبدیل کرکے فیاض خلیل شہید کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، پی ٹی آئی گزشتہ چار سال سے مسلسل جبر و ظلم کی زد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بغیر نئے ٹیکس لگائے صوبائی محصولات 93 ارب روپے سے بڑھا کر 150 ارب روپے تک پہنچا دیے گئے ہیں۔

