واشنگٹن(بین الاقوامی میڈیا رپورٹس)امریکی سینیٹ نے ایک اہم جنگی اختیارات سے متعلق قرارداد کو آگے بڑھا دیا ہے، جس کے تحت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کیخلاف فوجی کارروائی جاری رکھنے کیلئے کانگریس سے باقاعدہ منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا، بصورت دیگر جنگ ختم کرنا ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت ریپبلکن صدر کیلئےایک غیر معمولی سیاسی چیلنج قرار دی جا رہی ہے، جو اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کو 80 روز گزر چکے ہیں۔
قرارداد کے طریقہ کار سے متعلق ووٹنگ 50 کے مقابلے میں 47 ووٹوں سے منظور ہوئی، جس میں ریپبلکن جماعت کے چار سینیٹرز نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر حمایت کی جبکہ ایک ڈیموکریٹ نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ تین ریپبلکن سینیٹرز ووٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔
یہ اقدام اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایران کے خلاف جاری فوجی پالیسی پر امریکی سیاسی حلقوں میں اختلافات بڑھ رہے ہیں اور کانگریس میں اس معاملے پر مزید بحث متوقع ہے۔

