ٹرمپ کی زبان شرمناک، رویہ بوکھلاہٹ کی علامت ہے:ملیحہ لودھی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)امریکا میں پاکستان کی سابق سفیر اور بین الاقوامی امور کی ماہر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ زبان اور بیانات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں شرمناک اور غیر سفارتی قرار دیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت کے خلاف نامناسب اور توہین آمیز زبان نہ صرف ناقابلِ قبول ہے بلکہ اس سے صدر ٹرمپ کی بے چینی اور بوکھلاہٹ بھی واضح ہوتی ہے۔

انہوں نے موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت خطے میں ایران کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے، جبکہ مذاکرات کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ بھی ٹرمپ کا یہی جارحانہ اور غیر سنجیدہ طرزِ بیان ہے۔

ادھر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ نے بھی امریکی صدر کی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں نفرت انگیز قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران میں پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے سب سے زیادہ اثرات عام شہریوں پر پڑیں گے، جو بین الاقوامی انسانی اصولوں کے خلاف ہے۔