ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی) اونٹاریو کی حکمران پروگریسو کنزرویٹو پارٹی کےبرامپٹن ایسٹ سے رکن صوبائی اسمبلی ہردیپ گریوال ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گئے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اونٹاریو کی نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) نے انٹیگریٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کریں کہ آیا ہردیپ گریوال نے اپنے حلقہ انتخاب کے سرکاری بجٹ سے اپنے والد کے زیر انتظام اخبار میں اشتہارات دے کر مفادات کے ٹکراؤ کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق برامپٹن ایسٹ سے رکن صوبائی اسمبلی ہردیپ گریوال اس سے قبل بھی گزشتہ تین برس کے دوران ٹورنٹو کے ہوٹلوں میں قیام پر تقریباً 27 ہزار ڈالر کے اخراجات سرکاری خزانے سے وصول کرنے پر تنقید کی زد میں تھے، حالانکہ ان کا حلقہ انتخاب برامپٹن میں واقع ہے۔
این ڈی پی کی رہنما میریٹ اسٹائلز نے انٹیگریٹی کمشنر کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ ہردیپ گریوال نے مبینہ طور پر عوامی فنڈز استعمال کرتے ہوئے ایسے اخبار میں اشتہارات شائع کروائے جس کے ڈائریکٹر ان کے والد جگدیش سنگھ گریوال ہیں، لہٰذا یہ مفادات کے ٹکراؤ کا معاملہ بن سکتا ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ پنجابی پوسٹ اخبار میں ہردیپ گریوال کے حلقہ انتخاب کی تقریبات، جن میں سمر باربی کیو، کینیڈا ڈے اور دیگر موسمی پیغامات شامل ہیں، کے اشتہارات شائع کیے گئے، جن سے ان کے والد کے کاروبار کو مالی فائدہ پہنچ سکتا تھا۔
ہردیپ گریوال نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجابی پوسٹ برامپٹن میں پنجابی بولنے والی بڑی آبادی کا مقبول اخبار ہے اور مختلف سیاسی جماعتیں بھی اس میں اشتہارات دیتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشتہارات دینے سے قبل انہیں انٹیگریٹی کمشنر سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے تھی اور اب انہوں نے اس سلسلے میں کمشنر کے دفتر سے مشورہ طلب کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی دستاویزات میں جگدیش سنگھ گریوال کو پنجابی پوسٹ کا ڈائریکٹر قرار دیا گیا ہے، جبکہ اخبار کے میڈیا کٹ میں انہیں اشتہارات اور تجارتی معاملات کے لیے رابطہ شخصیت بھی بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب ہردیپ گریوال کے ہوٹل اخراجات بھی بدستور زیر بحث ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے گزشتہ تین برس کے دوران ٹورنٹو کے ہوٹلوں میں قیام کے لیے 27 ہزار ڈالر سے زائد کے اخراجات کلیم کیے، حالانکہ ان کا حلقہ کوئنز پارک سے تقریباً 43 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے اس اخراجات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ارکان اسمبلی عوامی خزانے سے وصول کی گئی رقم واپس کریں گے، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے ارکان نے رقم واپس کی ہے۔
اسی معاملے پر ولوڈیل سے رکن صوبائی اسمبلی اسٹین چو، جنہوں نے ٹورنٹو کے ہوٹلوں پر تقریباً 16 ہزار ڈالر خرچ کیے تھے، اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگرچہ اخراجات قواعد کے مطابق تھے، تاہم ٹیکس دہندگان سے یہ رقم وصول کرنا ایک غلطی تھی۔
این ڈی پی کی رہنما میریٹ اسٹائلز نے کہا کہ اگر ہردیپ گریوال کے خاندان کو عوامی فنڈز سے مالی فائدہ پہنچا ہے تو عوام کو اس حقیقت سے آگاہ کیا جانا چاہیے، اسی لیے انہوں نے انٹیگریٹی کمشنر سے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

