ٹورنٹو میں ’کینیڈا فرسٹ‘ ریلی، بڑے پیمانے پر امیگریشن روکنے کا مطالبہ

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) ٹورنٹو کے نیتھن فلپس اسکوائر میں اتوار کو کینیڈا فرسٹ موومنٹ کے زیرِ اہتمام ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے ’’بڑے پیمانے پر امیگریشن روکو‘‘ کے نعرے لگائے اور حکومت سے نئے تارکینِ وطن کی تعداد کم کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے ’’ری سٹور کینیڈا‘‘ کے عنوان سے ہونے والی ریلی میں کینیڈا کی موجودہ امیگریشن پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑی تعداد میں نئے تارکینِ وطن کی آمد سے رہائش، زندگی کے بڑھتے اخراجات اور بنیادی سہولتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

مظاہرین کے مطابق آبادی میں تیز رفتار اضافے کے مقابلے میں رہائش، بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات میں مطلوبہ رفتار سے اضافہ نہیں ہو رہا، جس کے باعث حکومت کو امیگریشن کی موجودہ سطح پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

ریلی کینیڈا میں امیگریشن کی سطح، رہائش کے بحران اور بڑھتے ہوئے اخراجاتِ زندگی سے متعلق جاری عوامی بحث کے دوران منعقد ہوئی۔ شرکاء نے حکومت سے امیگریشن پالیسی میں تبدیلی اور نئے آنے والوں کی تعداد محدود کرنے کا مطالبہ کیا۔