ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) قونصل جنرل پاکستان ٹورنٹو خلیل باجوہ نے کہا ہے کہ 15 اکتوبر 2026 سے پاکستان اور بیرونِ ملک تمام پاکستانی سفارتی مشنز میں نئے پاسپورٹ کیلئے درخواست دینے والے شہریوں کو ای پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔
قونصل جنرل خلیل باجوہ کے مطابق 15 اکتوبر یا اس کے بعد نئے پاسپورٹ کیلئے درخواست جمع کرانے والے افراد کو روایتی مشین ریڈایبل پاسپورٹ کے بجائے ای پاسپورٹ جاری ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 15 اکتوبر 2026 سے پہلے جاری کیے گئے مشین ریڈایبل پاسپورٹس اپنی مقررہ میعاد تک بدستور قابلِ استعمال رہیں گے اور ان کی حیثیت متاثر نہیں ہوگی۔
خلیل باجوہ نے بتایا کہ ای پاسپورٹ کے اجرا کا مقصد پاسپورٹ کے نظام کو جدید بنانا، سفری دستاویزات کے اجرا کو مزید مؤثر بنانا اور شہریوں کیلئےامیگریشن کے عمل کو تیز اور آسان بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ای پاسپورٹ کے نظام سے پاکستانی شہریوں کے سفری معاملات میں سہولت پیدا ہوگی اور جدید سفری تقاضوں سے ہم آہنگ نظام فراہم کیا جاسکے گا۔

