برامپٹن:پیِل ریجنل پولیس ایسوسی ایشن کا دوبارہ انتخاب کیلئے پیٹرک براؤن کی حمایت کا اعلان

برامپٹن (نامہ نگار) پیِل ریجنل پولیس ایسوسی ایشن نے برامپٹن کے میئر کے عہدے پر دوبارہ انتخاب کیلئے پیٹرک براؤن کی حمایت کا اعلان کردیا۔ایسوسی ایشن کے صدر ایڈرین وولی نےبرامپٹن میں پیٹرک براؤن کے انتخابی دفتر میں حمایت کا اعلان کیا۔

ایڈرین وولی نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے ارکان سمجھتے ہیں کہ ایسے بلدیاتی رہنماؤں کی موجودگی کتنی اہم ہے جو عوامی تحفظ کو سنجیدگی سے لیتے اور صفِ اول پر خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کی بات سنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پیٹرک براؤن کی دوبارہ انتخاب کے لیے حمایت پر فخر ہے۔

پیٹرک براؤن نے ایسوسی ایشن کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے برادری کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیِل ریجنل پولیس ایسوسی ایشن کی حمایت ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے اور اس کے ارکان روزانہ برادری کی خدمت کرتے ہیں، اس لیے وہ برامپٹن کو محفوظ رکھنے کے لیے درکار اہلکاروں، وسائل اور شراکت داریوں کے حوالے سے ان کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں۔

پیٹرک براؤن نے کہا کہ وہ شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے مطابق پولیس اہلکاروں، وسائل اور مختلف اداروں کے درمیان تعاون کیلئےآواز اٹھاتے رہیں گے۔