برامپٹن (نمائندہ خصوصی) برامپٹن ساؤتھ سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے خزاں اجلاس میں وہ مقامی خاندانوں، کارکنوں، بزرگوں اور کاروباری برادری کی ترجیحات کو حکومت تک پہنچانے اور ایسے اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گی جن سے کینیڈا کی معیشت مضبوط اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا ہوں۔
پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوبارہ آغاز کے موقع پر جاری بیان میں سونیا سدھو نے کہا کہ موسمِ گرما کے دوران برامپٹن ساؤتھ کے رہائشیوں سے ملاقاتوں کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کینیڈین چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ معیشت کی ترقی، بہتر روزگار، زندگی کے اخراجات میں کمی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور غیر یقینی عالمی حالات میں کینیڈا کی پوزیشن مضبوط بنانے پر توجہ دے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سامنے آنے والے اہم قانون سازی کے اقدامات میں بل C-39، یعنی بلڈنگ کینیڈا اسٹرونگ ایکٹ بھی شامل ہے، جس کے تحت منصوبوں کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے، تجارتی اور نقل و حمل کے راستوں کو مضبوط بنانے، کارکنوں کی معاونت اور سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں، جبکہ ماحولیاتی تحفظ اور مقامی اقوام کے حقوق کو برقرار رکھنے کی بات بھی کی گئی ہے۔
سونیا سدھو نے کہا کہ جدت، جدید صنعت، تجارت، بنیادی ڈھانچے اور بہتر اجرت والی ملازمتوں کے فروغ کے ساتھ حکومت ایک مضبوط اور زیادہ پائیدار کینیڈا کی تعمیر پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برامپٹن کینیڈا کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور شہر کے کاروبار، جدت کے شعبے، صنعتی ادارے، رسد و ترسیل کے نیٹ ورک، صحت کے شعبے سے وابستہ افراد اور ہنرمند کارکن ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔سونیا سدھو نے کہا کہ خاندانوں کی معاونت، معیشت کی ترقی، اہم بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور آنے والی نسلوں کیلئے مواقع پیدا کرنے سمیت وہ برامپٹن ساؤتھ کے رہائشیوں کی اہم ترجیحات کیلئے آواز اٹھاتی رہیں گی۔

