ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریولبرل پارٹی کی آربیٹریشن کمیٹی نے اسکاربرو ساؤتھ میں 9 مئی 2026 کو ہونے والے نامزدگی اجلاس کیخلاف دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے احسن الحفیظ کی کامیابی برقرار رکھی ہے۔
اپیل سابق امیدوار نیتھنیل ارسکائن اسمتھ کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جنہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نامزدگی اجلاس میں انتظامی غلطیاں اور بے ضابطگیاں ہوئیں جن سے ووٹنگ کے نتائج متاثر ہوئے۔
آربیٹریشن کمیٹی کے چیئرمین ڈیوڈ زمر اور کمیٹی ارکان جینیفر نارمن اور ایڈم گولڈ برگ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تمام شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ ثابت نہیں ہوا کہ کوئی ایسی بے ضابطگی ہوئی جس نے ووٹنگ کے نتائج یا نامزدگی عمل کی شفافیت کو متاثر کیا ہو۔
فیصلے کے مطابق ووٹنگ میں 1523 بیلٹ شمار ہوئے جبکہ 1489 ووٹرز کے نام فہرست سے کاٹے گئے تھے، جس پر نیتھنیل ارسکائن اسمتھ نے 34 اضافی ووٹوں کا اعتراض اٹھایا تھا، تاہم کمیٹی نے قرار دیا کہ یہ صرف ریکارڈ رکھنے میں تکنیکی غلطی تھی، نہ کہ غیرقانونی ووٹنگ کا ثبوت۔
کمیٹی نے کہا کہ بعد ازاں مزید 20 ایسے ووٹرز کی نشاندہی ہوئی جنہیں ووٹ ڈالنے کا اہل قرار دیا گیا تھا لیکن ان کے نام فہرست میں نشان زد نہیں ہوئے تھے، اس طرح فرق کم ہو کر 14 رہ گیا، جو احسن الحفیظ کی 19 ووٹوں کی برتری کو متاثر نہیں کرتا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ووٹرز کی شناخت اور اہلیت جانچنے کا عمل پارٹی قواعد کے مطابق ہوا اور کسی ایسے شخص کے ووٹ ڈالنے کا ثبوت نہیں ملا جو ووٹ دینے کا اہل نہ ہو۔
کمیٹی نے نیتھنیل ارسکائن اسمتھ کی جانب سے جانبداری، ووٹنگ روم کے ماحول اور شناختی دستاویزات سے متعلق اعتراضات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان دعوؤں کی حمایت میں قابلِ اعتماد شواہد پیش نہیں کیے گئے۔فیصلے کے مطابق احسن الحفیظ ہی ووٹنگ کے حقیقی فاتح تھے اور انہیں درست طور پر اسکاربرو ساؤتھ سے اونٹاریو لبرل پارٹی کا امیدوار منتخب کیا گیا۔

