مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) پاکستانی نژاد معروف سماجی و ثقافتی شخصیات ارشد محمود اور اسما محمود کو جنوبی ایشیائی فن، ثقافت اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے دو دہائیوں سے زائد خدمات کے اعتراف میں مسی ساگا کے ممتاز شہری اعزاز ’’لیجنڈز رو 2026‘‘ میں شامل کرلیا گیا۔ یہ اعزاز اسٹی ہال میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا، جس میں اراکین پارلیمنٹ، سٹی کونسلرز، اعلیٰ سرکاری حکام اور مختلف کمیونٹیز کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
اس سال پانچ شخصیات کو مسی ساگا لیجنڈز رو میں شامل کیا گیا، جن میں ارشد محمود، اسما محمود، معروف ٹی وی میزبان جیک دھیر، ممتاز ایتھلیٹ ایشلے اسٹیفنسن اور کاروباری و سائنسی شعبے سےکلف ہنٹ شامل تھے۔ ان شخصیات کی خدمات کا تعلق کمیونٹی قیادت، کاروبار، جدت، فنون، ذرائع ابلاغ اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔
تقریب میں اعزاز حاصل کرنیوالی شخصیات کی زندگی، کامیابیوں اور سماجی خدمات پر خصوصی دستاویزی رپورٹس پیش کی گئیں۔ بڑی اسکرین پر دکھائی جانیوالی ان رپورٹس میں ہر شخصیت کے پیشہ ورانہ سفر، نمایاں کامیابیوں اور شہر کی سماجی و ثقافتی زندگی میں ان کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

ارشد محمود اور اسما محمود کو اسٹیج پر مدعو کیے جانے پر شرکا نے پُرجوش استقبال کیا۔ ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے بتایا گیا کہ اس پاکستانی نژاد کینیڈین جوڑے نے مسی ساگا میں جنوبی ایشیائی فن و ثقافت کو متعارف کرانے اور اسے وسیع تر عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دنیا بھر سے معروف فنکاروں کو شہر میں مدعو کرنے، موسیقی اور فلم کے میلوں اور بصری فنون کی سرگرمیوں کے ذریعے انہوں نے مختلف کمیونٹیز کو ایک مشترکہ ثقافتی پلیٹ فارم فراہم کیا۔
مسی ساگا لیجنڈز رو شہر کا سالانہ اعزازی پروگرام ہے، جس کے تحت ان شخصیات کی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے جنہوں نے شہر کی ترقی، سماجی زندگی، ثقافت اور معاشی سرگرمیوں پر دیرپا اثرات مرتب کیے ہوں۔ اس اعزاز کے ذریعے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنیوالے شہریوں کی کامیابیوں کو شہر کی تاریخ کا حصہ بنایا جاتا ہے۔

تقریب میں پیش کی گئی دستاویزی رپورٹ کے مطابق ارشد محمود اور اسما محمود گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے مسی ساگا میں جنوبی ایشیائی ثقافت کے فروغ کیلئے سرگرم ہیں۔ ان کی مشترکہ کاوشوں سے شروع ہونے والا موزیک فیسٹیول اب شہر کی ثقافتی شناخت کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے۔ اس فیسٹیول میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کی موسیقی، فنون، روایات، ثقافت اور روایتی کھانوں کو نمایاں انداز میں پیش کیا جاتا ہے، جبکہ ہر سال ہزاروں افراد اس میں شرکت کرتے ہیں۔
موزیک فیسٹیول 2026ء میں اپنے 21ویں ایڈیشن تک پہنچ چکا ہے، جو اس کے تسلسل، مقبولیت اور مختلف کمیونٹیز میں پذیرائی کا مظہر ہے۔ اس میلے کے ذریعے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے معروف فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔ اس کے علاوہ موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول، مصوری کی نمائشیں اور دیگر ثقافتی پروگرام بھی ارشد محمود اور اسما محمود کی سرگرمیوں کاحصہ رہے ہیں۔

ارشد محمود پیشے کے اعتبار سے سابق بینکار ہیں، تاہم جنوبی ایشیائی فن و ثقافت سے ان کی گہری دلچسپی نے انہیں کمیونٹی کی ثقافتی سرگرمیوں میں ایک نمایاں مقام دلایا۔ ان کی اہلیہ اسما محمود ایک باصلاحیت مصورہ اور آرٹسٹ ہیں، جنہوں نے مصوری کے ساتھ فلم، موسیقی اور دیگر فنون لطیفہ کے فروغ میں بھی کردار ادا کیا۔ دونوں کی مشترکہ کوششوں کا مقصد مختلف ثقافتوں کے درمیان رابطے بڑھانا اور فنکاروں کو اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کیلئے مواقع فراہم کرنا رہا ہے۔
ارشد محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئےاپنے کینیڈا آنے اور ثقافتی سرگرمیوں کے آغاز کے پس منظر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تقریباً 27 سال قبل کینیڈا آئے تھے۔ مسی ساگا میں آباد ہونے کے بعد انہوں نے محسوس کیا کہ پاکستانی، بھارتی، بنگلہ دیشی اور دیگر جنوبی ایشیائی کمیونٹیز کو ایک ایسے مشترکہ ثقافتی پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جہاں وہ اپنی زبان، موسیقی، فنون، روایات اور روایتی کھانوں کے ذریعے اپنی شناخت برقرار رکھنے کے ساتھ ایک دوسرے کی ثقافت سے بھی متعارف ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی سوچ کے تحت موزیک فیسٹیول کا آغاز کیا گیا، جسے ابتدا ہی سے مختلف کمیونٹیز کی محبت اور پذیرائی حاصل ہوئی۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ فیسٹیول مسی ساگا کی معروف سالانہ تقریبات میں شامل ہوگیا اور شمالی امریکہ میں جنوبی ایشیائی ثقافت کے ایک اہم ثقافتی میلے کے طور پر پہچانا جانے لگا۔
ارشد محمود نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا صرف منتظمین کو نہیں بلکہ پوری کمیونٹی کو جاتا ہے۔ فنکاروں کی شرکت، رضاکاروں کی محنت، شائقین کی حوصلہ افزائی اور مقامی اداروں کے تعاون نے موزیک فیسٹیول کو اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مسی ساگا کی شہری قیادت اور فیسٹیول کی سرپرستی کرنے والے تمام افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

اسما محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ موزیک فیسٹیول کی کامیابی صرف ان دونوں کی کامیابی نہیں بلکہ مسی ساگا میں آباد تمام کمیونٹیز کا مشترکہ اعزاز ہے۔ ان کے مطابق اس فیسٹیول نے مختلف ثقافتوں کو قریب لانے، فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے اور نئی نسل کو اپنے ثقافتی ورثے سے جوڑے رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی محبت، حوصلہ افزائی اور مسلسل تعاون ہی ان کی اصل طاقت ہے۔ اسما محمود نے مختلف ادوار میں مسی ساگا کے میئرز، سٹی کونسلرز، اراکین پارلیمنٹ اور شہری انتظامیہ کی جانب سے ملنے والے تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موزیک فیسٹیول کے ساتھ فلم، مصوری اور دیگر فنون لطیفہ کے فروغ کیلئے کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی، تاکہ فنکاروں، نوجوانوں اور مختلف ثقافتی کمیونٹیز کیلئے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔

ارشد محمود اور اسما محمود نے لیجنڈز رو 2026ء کیلئےاپنے انتخاب کو اپنے طویل ثقافتی سفر کا اہم اعزاز قرار دیتے ہوئے منتظمین اور سٹی آف مسی ساگا کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز ان تمام افراد اور کمیونٹیز کی مشترکہ کوششوں کا اعتراف ہے جنہوں نے مختلف مراحل پر ان کے ثقافتی منصوبوں کا ساتھ دیا۔
تقریب میں دیگر اعزاز یافتگان کی خدمات کو بھی بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ معروف ٹی وی میزبان جیک دھیر کی میڈیا اور کمیونٹی کے شعبے میں خدمات، ایشلے اسٹیفنسن کی کھیلوں میں کامیابیوں اور کلف ہنٹ کی کاروباری و پیشہ ورانہ خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ ان شخصیات کی کامیابیوں کو بھی دستاویزی رپورٹس کے ذریعے شرکا کے سامنے پیش کیا گیا۔
مسی ساگا لیجنڈز رو 2026ء کی یہ تقریب شہر کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کے اعتراف کا اہم موقع ثابت ہوئی۔ پاکستانی نژاد ارشد محمود اور اسما محمود کی شمولیت نے کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے بھی ایک قابلِ فخر مثال قائم کی ہے۔ ان کی دو دہائیوں سے زائد کی مسلسل جدوجہد نے پاکستانی اور جنوبی ایشیائی فن و ثقافت کو کینیڈا میں متعارف کرانے کے ساتھ مختلف قومیتوں اور ثقافتی پس منظر رکھنے والی کمیونٹیز کے درمیان باہمی احترام، رابطے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

