مظفرآباد(آئی ایس پی آر)پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران پیش آنے والے حادثے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو تکنیکی خرابی کا سامنا تھا، جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کیلئے بورڈ آف انکوائری تشکیل دینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ صدرِ آصف علی زرداری نے بھی حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

