پاکستان اور سعودی عرب کا اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (نامہ نگار،نمائندہ خصوصی)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہو گیا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔

یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی، جو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے حالیہ رابطوں اور ولی عہد کی پاکستان سے محبت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی معاشی اور مالی معاونت کو سراہا گیا، جو پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔

دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا اور اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔

سعودی وزیر خزانہ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔ دونوں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔