پاکستان شاہینز کی بنگلادیش اے کیخلاف فتح، رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئے

دوحہ (پی سی بی) پاکستان شاہینز نے اے سی سی رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلادیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ حسن نواز اور شاہ زیب خان کی نصف سنچریوں جبکہ سفیان مقیم کی عمدہ بولنگ نے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے 233 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 21 رنز پر گر گئی تھیں۔ معاذ صادق 6 اور شمائل حسین 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد حسن نواز اور شاہ زیب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 110 رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔

حسن نواز نے 91 گیندوں پر 62 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ شاہ زیب خان نے 85 گیندوں پر 50 رنز اسکور کیے، جس میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

پاکستان کو 150 رنز پر چوتھا نقصان اٹھانا پڑا، جس کے بعد کپتان عبدالصمد اور فرحان یوسف نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 74 رنز بناکر کامیابی یقینی بنادی۔ عبدالصمد نے صرف 33 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 2 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ فرحان یوسف 39 گیندوں پر 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

اس سے قبل بنگلادیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ شہادت حسین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 118 گیندوں پر ناقابل شکست 103 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ مہدی الاسلام انکون نے 42 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، حسن نواز اور علی رضا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ احمد دانیال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

حسن نواز کو آل راؤنڈ کارکردگی اور نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان شاہینز اب فائنل میں اتوار 29 نومبر کو سری لنکا اے کے مدمقابل ہوں گے۔ فائنل پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان شاہینز گزشتہ ایڈیشن کے بھی دفاعی چیمپئن ہیں اور ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اتریں گے۔