پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے:امریکی صدرڈونلڈٹرمپ

واشنگٹن(غیر ملکی میڈیا)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ کے دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے، جبکہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ رکوا کر 3 کروڑ جانیں بچائیں۔

ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی انتہائی خطرناک مرحلے میں پہنچ چکی تھی، تاہم ان کی کوششوں سے جنگ رکی اور ممکنہ ایٹمی تصادم ٹل گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ جنگ رکنے سے تقریباً 3 کروڑ افراد کی جانیں بچ گئیں۔

صدر نے اسرائیل کی سیاست پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت 99 فیصد تک تھی، اور ان کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی یہودی ووٹر ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ کیسے دے سکتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکا کی تقریباً تمام اہم شرائط ماننے پر آمادہ ہو گیا ہے۔