لاہور (نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، اپوزیشن کے کردار اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں اور متعلقہ فریقوں کو مل بیٹھ کر قومی مکالمے کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک کو ایک نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت ہے۔ تمام متعلقہ فریق قومی مکالمے کے لیے مل بیٹھیں تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جاسکے۔
ملاقات میں سابق وزیراعظم اور بانی تحریک انصاف عمران خان کی صحت کے حوالے سے بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے ذاتی معالجین اور اہل خانہ کو ان تک فوری اور بلا تعطل رسائی دی جائے، جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی کی سینئر قیادت کو بھی فوری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
اسد قیصر نے ملک بھر کی جیلوں میں قید تحریک انصاف کے کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دورانِ حراست طبی سہولتوں کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی آئینی اور قانونی حق ہے۔
ملاقات میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، قانونی کوششوں اور سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے دیگر سیاسی رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔
ملاقات میں میئر صوابی عطاء اللہ، ارکان پنجاب اسمبلی سردار راشد طفیل اور میاں حنبل ثنا کریمی، سابق رکن اسمبلی وقاص حسن موکل، پی ٹی آئی رہنما سردار نادر فاروق اور بیرسٹر شاہد مسعود بھی شریک تھے۔

