پنجاب بھر میں 5 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ، اجتماعات پر پابندی

لاہور (نامہ نگار) حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں 13 سے 17 ستمبر تک امن و امان کی صورتحال اور ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات، سڑکوں، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، ریلی، جلسے، جلوس، دھرنے اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر ہر قسم کے اسلحے کی نمائش اور غیر قانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کے لیے اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے فوری نوعیت کے ممکنہ دہشت گردی کے خطرات سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے پیش نظر عوامی اجتماعات کو دہشت گرد حملوں کا ممکنہ ہدف بننے سے روکنے کے لیے پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں عبادات کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جبکہ عدالتوں، سرکاری اداروں اور ڈیوٹی پر مامور قانون نافذ کرنے والے و سیکیورٹی اہلکاروں پر بھی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔