پنجاب حکومت کا بسنت2027 کیلئے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان

لاہور (سٹی رپورٹر)حکومت پنجاب نے 2027 میں ہونیوالی بسنت اور پتنگ بازی کیلئے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ان پر عملدرآمد کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئےیہ ضوابط جاری کیے گئے ہیں۔

نئے قواعد کے مطابق پتنگ بازی صرف مضبوط اور محفوظ چھتوں پر کی جا سکے گی جبکہ ہر چھت کی چار دیواری کی کم از کم اونچائی ساڑھے تین فٹ ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ والدین اور سرپرست بچوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں گےاور بچوں کو چھت کے کناروں کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ چھتوں پر دوڑنے، کودنے، کناروں سے لٹکنے یا خطرناک انداز میں پتنگ لوٹنے پر پابندی ہوگی۔اسی طرح چھتوں پر گنجائش سے زیادہ افراد جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ پتنگ بازی کے دوران اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور شور شرابہ کرنیوالے آلات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ہمسایوں کیلئے پریشانی کا باعث بننے والی ہر سرگرمی جرم تصور ہوگی۔ تمام مقامات پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی اور اس تک آسان رسائی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالکان اور ایونٹ منتظمین کو مشترکہ طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائیگا جبکہ سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ان قواعد پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ بسنت میں شہریوں نے قواعد پر عمل کیا جس پر انہیں شاباش دی گئی، اور امید ہے کہ 2027 میں بھی شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔