واشنگٹن (خبر ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش ناکام ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے انہیں عہدے سے ہٹانے کی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی۔
مواخذے کی قرارداد ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے پیش کی تھی، جس میں ایران کے خلاف جنگ کانگریس کی منظوری کے بغیر جاری رکھنے، فوجی کارروائیوں میں شہریوں کے تحفظ کے تقاضے نظرانداز کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت 8 الزامات عائد کیے گئے تھے۔
ووٹنگ میں تھامس میسی واحد ری پبلکن رکن تھے جنہوں نے قرارداد کو کمیٹی کے سپرد کرنے کی مخالفت کی۔ ڈیموکریٹ ارکان نے اس اقدام کے خلاف ووٹ دیا، تاہم ری پبلکن ارکان کی حمایت سے قرارداد کو کمیٹی میں بھیجنے کی تحریک منظور ہوگئی۔
امریکی ایوانِ نمائندگان نے منگل کو پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد کو 211 کے مقابلے میں 204 ووٹوں سے عدالتی امور کی کمیٹی کو بھیج دیا، جس کے نتیجے میں ایوان میں مواخذے کی باقاعدہ کارروائی آگے بڑھانے کی کوشش رک گئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ تھامس میسی کے سوا ری پبلکن جماعت کے تمام ارکان نے پیٹ ہیگسیتھ کی حمایت میں ووٹ دیا۔ انہوں نے ہیگسیتھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وینزویلا اور ایران میں کامیابیاں، فوج میں بھرتیوں کی ریکارڈ تعداد اور غیر معمولی جذبے نے ایک محبِ وطن امریکی کی بے گناہی ثابت کردی۔
ٹرمپ نے اس نتیجے کو اپنی انتظامیہ اور پیٹ ہیگسیتھ کی کامیابی قرار دیا، جبکہ ڈیموکریٹ رہنماؤں نے عندیہ دیا ہے کہ جنوری میں نئی کانگریس کے اجلاس کے بعد اس معاملے کو دوبارہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

