پی ٹی آئی احتجاج کیس: چالان جمع نہ کروانے پر ڈی آئی جی اسلام آباد کو ایک ماہ قید کی سزا

اسلام آباد(نامہ نگار)اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف احتجاج کے کیس میں چالان جمع نہ کروانے پر ڈی آئی جی اسلام آباد جواد طارق کو ایک ماہ قید کی سزا سنا دی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کے دوران ڈی آئی جی کو سزا کا حکم سنایا اور ساتھ ہی ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔عدالت نے زبانی حکم میں کہا کہ تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق متعدد نوٹسز جاری ہونے کے باوجود متعلقہ مقدمے کا چالان عدالت میں جمع نہیں کروایا گیا تھا، جس پر عدالت نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کارروائی کی۔واضح رہے کہ یہ مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف احتجاج سے متعلق کارروائی زیرِ سماعت ہے۔