پی ٹی آئی کا گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو عدالتوں میں چیلنج کریں گے، ایک دن کے اندر عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ معاملے کو عدالتوں میں چیلنج کرنا ہمارا حق ہے۔ خیبر پختونخوا میں اب تک ہمارے سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان تمام معاملات طے پاگئے تھے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ کابینہ کا اجلاس آگے لے جائیں گے۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق اجلاس کے دوران حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو فون کرکے بتایا کہ وہ یہ کام کر رہے ہیں۔ اب تمام جمہوریت پسندوں کو اس صورت حال پر سوچنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ تمام معاملات پر کبھی اتفاق نہیں ہوا تھا اور حکومت نے مذاکرات کا ایجنڈا تبدیل کردیا۔