شانشی (چینی سرکاری میڈیا)چین کے شمالی صوبے شانشی میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 90 مزدور ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کان کے اندر 247 کارکن موجود تھے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق بیشتر مزدوروں کو بحفاظت کان سے نکال لیا گیا ہے، تاہم کئی افراد زہریلی کاربن مونو آکسائیڈ گیس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ریسکیو اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔چین کے صدر شی جن پنگ نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
حکام نے کان کمپنی کے ایک ذمہ دار کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ شانشی صوبہ چین میں کوئلے کی کانوں کا بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں ماضی میں بھی حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث متعدد مہلک حادثات پیش آ چکے ہیں۔

