ڈیموکریٹس ملک کوبدنام کرکے میری فتوحات روک رہے ہیں: ٹرمپ

واشنگٹن( امریکی ایوانِ نمائندگان، غیر ملکی خبر ایجنسیاں)ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹس ان کی کامیابیوں کو روکنے کے بجائے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور وہ امریکا کو ناکامی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ روز ان کی فوجی طاقت کو محدود کرنے کے لیے ایک بے معنی ووٹنگ کی گئی، جس میں چار ری پبلکن ارکان اور تمام ڈیموکریٹس نے ان کے خلاف ووٹ دیا۔

ٹرمپ کے مطابق یہ ووٹنگ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حساس مرحلے کے دوران کی گئی، جس سے قومی مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات ملک کے خلاف ہیں اور ان ارکان کو اپنے فیصلے پر شرم آنی چاہیے۔

دوسری جانب امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کے تحت صدر کے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے اختیارات محدود کر دیے گئے ہیں۔

قرارداد کے حق میں 215 اور مخالفت میں 208 ووٹ آئے، جبکہ اسے ڈیموکریٹس نے پیش کیا تھا اور چار ری پبلکن ارکان نے بھی اس کی حمایت کی۔اس قرارداد کے مطابق ایران کے خلاف کسی بھی جنگی کارروائی کے لیے اب کانگریس کی منظوری لازمی ہوگی۔