کراچی:سندھ بوائے اسکاؤٹس کے وفد کی گورنر سندھ سے ملاقات

کراچی(نامہ نگار)سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنر سندھ و چیف اسکاؤٹ سید نہال ہاشمی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں گورنر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پھول پیش کیے۔

وفد میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے چیف پیٹرن و سابق چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن، صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز، اسسٹنٹ صوبائی کمشنر و سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ پروفیسر معین اظہر صدیقی، اعزازی خازن محمد حسین مرزا اور صوبائی سیکرٹری سید اختر میر شامل تھے، جبکہ ملاقات میں گورنر سندھ کے پریس سیکریٹری فیصل فاروقی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ اسکاؤٹنگ کے ذریعے معاشرے میں سماجی انقلاب لایا جا سکتا ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ سندھ کے تمام تعلیمی اداروں میں اسکاؤٹ یونٹس قائم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کے عوام کی خدمت کے عزم کے ساتھ آئے ہیں اور خصوصاً نوجوانوں کی بہتر تربیت ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ملاقات کے دوران وفد نے گورنر سندھ کو صوبائی اسکاؤٹ ہیڈکوارٹر کے دورے اور اسکاؤٹس سے ملاقات کی دعوت دی، جسے گورنر سندھ نے قبول کر لیا۔