کراچی : رینجرز کیمپ پر دہشتگرد حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک، ایک افغان دہشتگرد گرفتار

کراچی(آئی ایس پی آر، اے پی پی، رائٹرز)کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر حملہ کرنے والے 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک زخمی افغان دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار سے وابستہ خوارج نے کیمپ کے مرکزی دروازے پر دھماکا کرنے کے بعد اندر داخل ہونے کی کوشش کی، جہاں سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے 3 جوان شہید جبکہ 4 زخمی ہوئے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی حفاظت کیلئے دی جانیوالی یہ قربانیاں دہشتگردی کیخلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اپنے جوانوں کی شہادت کے ذمہ دار دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گا۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔