کراچی میں ’کوکین کوئین‘ پنکی گرفتار، منشیات نیٹ ورک چلانے کا الزام

کراچی(نمائندہ خصوصی)کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منشیات فروشی کے الزام میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں کوکین سپلائی کرنے والے منظم نیٹ ورک کی اہم کردار تھی۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتاری کراچی میں ڈسٹرکٹ سٹی پولیس اور سول انٹیلی جنس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران عمل میں آئی۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ متعدد مقدمات میں مطلوب تھی اور ایک منظم منشیات نیٹ ورک چلا رہی تھی۔

کارروائی کے دوران ملزمہ سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، منشیات کی تیاری میں استعمال ہونیوالے کیمیکلز ، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزمہ مختلف شہروں میں منشیات سپلائی کیلئے جدید طریقے استعمال کرتی تھی جبکہ نیٹ ورک میں خواتین کورئیرز بھی شامل تھیں۔

تفتیشی حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزمہ خود بھی اعلیٰ معیار کی کوکین تیار کرتی تھی اور ایک موبائل ڈرگ پروڈکشن سیٹ اپ چلا رہی تھی۔دوسری جانب عدالت میں پیشی کے دوران ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی پیش کیے جانے پر تنازع کھڑا ہوگیا، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق غفلت کے الزام میں متعلقہ افسران کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کیلئےاعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ دار اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔