کمبوڈیا میں 54 سے زائدپاکستانی گرفتارہیں:دفتر خارجہ کی تصدیق

اسلام آباد(نامہ نگار)کمبوڈیا میں غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کے دوران درجنوں پاکستانیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جس کی تصدیق ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کر دی ہے۔

ترجمان کے مطابق اب تک 54 پاکستانیوں کی گرفتاری کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ دیگر افراد کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانے نے زیر حراست شہریوں کیلئے قونصلر رسائی کی درخواست کر دی ہے اور ان پر عائد الزامات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان زیر حراست افراد کی وطن واپسی کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کمبوڈین حکام تعاون کر رہے ہیں۔دوسری جانب ایک پاکستانی شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ سیئم ریپ میں گرفتار افراد کو انتہائی خراب حالات میں رکھا گیا ہے اور ڈی پورٹیشن کیلئے مبینہ طور پر رقم طلب کی جا رہی ہے، تاہم ان دعوؤں کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ماضی میں بھی پاکستانی شہری ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر کمبوڈیا میں گرفتار ہوتے رہے ہیں، جبکہ گزشتہ تین برسوں کے دوران دو ہزار سے زائد پاکستانیوں کو کمبوڈین حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے تعاون سے وطن واپس لایا جا چکا ہے۔