کوہاٹ (خبر ایجنسیاں) خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے علاقے دربوکچ جالندھر بانڈہ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کیخلاف کارروائی کیلئے جانے والی پولیس پارٹی پر مسلح افراد نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر سمیت کم از کم 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
پولیس ترجمان محمد نعمان زیب کے مطابق پولیس ٹیم غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف چھاپہ مارنے جارہی تھی کہ راستے میں پہاڑیوں سے مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔ حملے میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شہید ہوئے۔
حملہ آوروں نے پولیس کی 5 گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی، جبکہ فائرنگ کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان شدید مقابلہ شروع ہوگیا۔ واقعے کے بعد اضافی پولیس نفری طلب کرلی گئی اور علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

