کیلگری(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی وزیرِ مملکت برائے انسدادِ جرائم اور رکنِ پارلیمنٹ روبی سہوتا نے کہا ہے کہ اگرچہ یہ ان کا پہلا کیلگری اسٹیمپیڈ تھا، تاہم انہوں نے محسوس کیا کہ یہ سالانہ تقریب مختلف برادریوں کو ایک دوسرے سے ملنے، خوشیاں منانے اور باہمی روابط مضبوط بنانے کا منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔

روبی سہوتا نے کہا کہ انہیں اپنے دوست اور ساتھی رکنِ پارلیمنٹ کوری ہوگن کے زیرِ اہتمام پین کیک ناشتے میں شرکت کا موقع ملا، جہاں انہوں نے مقامی افراد سے ملاقاتیں کیں اور کمیونٹی کے ساتھ وقت گزارا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ کیلگری اسلامک اسمبلی کے زیرِ اہتمام دسویں سالانہ اسٹیمپیڈ باربی کیو کمیونٹی فیسٹیول میں شرکت کرکے بھی خوشی ہوئی، جہاں بڑی تعداد میں خاندانوں سے ملاقات ہوئی اور مختلف برادریوں کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی کے جذبے کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔

