کینیڈا خوش قسمت ہے جہاں بنیادی تعلیم ہر فرد کیلئےمفت دستیاب ہے:رابرٹ

مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) ڈکسی الیکٹرونکس اینڈ ہوم ایمپلائنسز کے روحِ رواں سلیم چودھری کے زیرِ اہتمام عالمی سطح پر تعلیم کے فروغ کیلئے خدمات انجام دینے والے رابرٹ،ان کی اہلیہ اور دیگر معزز مہمانوں کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں کمیونٹی رہنماؤں، سماجی شخصیات، صحافیوں اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پروگرام کے منتظم محبوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری دنیا میں ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کی روشنی ہر ضرورت مند تک پہنچائی جائے، کیونکہ تعلیم، جیسا کہ سلیم چودھری نے کہا، سب سے طاقتور چیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے معزز صحافی اور بہت اچھے دوست اشرف خان لودھی کا تعارف کروانا چاہتا ہوں، جن کا تعلق سنو ٹی وی اور جنگ نیوز کینیڈا سے ہے۔ اس کے علاوہ وائس آف کینیڈا، ہمارے فوٹوگرافر فاروق ملک، افتخار بھائی، ظہور بھٹہ اور رابرٹ بھائی سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ بعد ازاں انہوں نے مہمانِ خصوصی رابرٹ کو دعوت دی کہ وہ تعلیم اور اس تقریب کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں۔

مہمانِ خصوصی رابرٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کے درمیان موجود ہونا اور تعلیم کے بارے میں گفتگو کرنا میرے لئے باعثِ خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر انسان کے مستقبل کی بنیادی کنجی ہے۔ تعلیم لوگوں کو غربت سے نکالتی ہے اور دنیا میں امن کے فروغ میں مدد دیتی ہے، کیونکہ بہت سے لوگ سیاسی جبر اور ناانصافیوں سے نکلنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہوتے ہیں اور تعلیم ہی ان کیلئے امید اور کامیابی کا راستہ ہے۔

رابرٹ نے کہا کہ انہیں دنیا بھر میں تعلیمی مواقع فراہم کرنیوالے اس ممتاز گروپ کے ساتھ موجود ہونے پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا خوش قسمت ملک ہے جہاں بنیادی تعلیم ہر فرد کیلئےمفت دستیاب ہے، اگرچہ اعلیٰ تعلیم کی صورتحال مختلف ہے، لیکن دنیا بھر میں لاکھوں بچے ایسے ہیں جنہیں بنیادی تعلیم تک بھی رسائی حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی مواقع کے فروغ کیلئےانفرادی یا اجتماعی سطح پر جو بھی کوشش کی جائے گی، وہ اس کی مکمل حمایت کریں گے اور تقریب میں مدعو کرنے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےپروگرام کے آرگنائزر سلیم چودھری نے کہا کہ آپ نے دیکھا کہ اس سال ورلڈ کپ میں پہلے سے زیادہ ممالک شریک تھے اور آئندہ مزید ممالک کو شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ یہ ایک حقیقی عالمی ایونٹ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ صدقہ و خیرات انسان کی زندگی کا بہترین سرمایہ ہے، کیونکہ دنیا کی ہر چیز یہیں رہ جاتی ہے جبکہ نیکی انسان کے ساتھ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود اس بات کی مثال ہیں کہ تعلیم انسان کی زندگی بدل دیتی ہے۔ ایک چھوٹے سے شہر سے گورنمنٹ کالج لاہور، پھر یو ای ٹی لاہور اور بعدازاں کیلیفورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی سے ماسٹرز تک کا سفر صرف تعلیم کی بدولت ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ تعلیم اور بزرگوں کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔

بعد ازاں وی آر کمیونٹی کے بانی رکن اور رہنما مرتضیٰ جوئیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبوب بھائی واقعی اپنے نام کی طرح سب کے محبوب ہیں اور اتنی شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے سلیم چودھری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی صدقہ و خیرات کا معاملہ آتا ہے وہ ہمیشہ سب سے آگے ہوتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دو سال قبل فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کیلئےدس ہسپتالوں کی مدد کی غرض سے دو لاکھ ڈالر جمع کیے گئے تھے۔

مرتضیٰ جوئیہ نے کہا کہ جب تعلیم کی بات آتی ہے تو قرآن کریم کی دعارَبِّ زِدْنِي عِلْمًا” یہ وہ دعا ہے جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں سکھائی ہے کہ ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے علم میں اضافے کی دعا مانگو۔ انہوں نے فلسطینیوں کی حمایت پر رابرٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی ہمارے لئےباعثِ فخر ہے جبکہ محبوب بھائی کو مختصر نوٹس پر کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔

اس موقع پر پاک پائینیر کے بانی اراکین میں شامل نوید چوہدری نے کہا کہ سلیم چودھری ایک عظیم شخصیت ہیں اور کمیونٹی ویلفیئر و ترقی کے ہر کام میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی شراکت کے بغیر حکومت بھی نمایاں نتائج حاصل نہیں کر سکتی، جبکہ تعلیم، صحت اور بزرگوں کی فلاح کے ہر منصوبے میں سلیم چودھری کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

نوید چوہدری نے کہا کہ فیفا کا پیغام “سب کیلئےتعلیم” ہے اور یہی پیغام ان کی تنظیم بھی آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے محروم اور دیہی علاقوں میں ایسے بچوں کیلئے جو اسکول نہیں جا سکتے تھے، کتابیں اور تعلیمی مواد فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خواہ کینیڈا ہو یا پاکستان، وہ ہر مستحق طالب علم اور کمیونٹی کی مدد جاری رکھیں گے اور مستقبل میں بھی کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے منصوبوں پر کام کیا جائیگا۔

بیرسٹر صفدر حسین نے کہا کہ سلیم چودھری ہماری کمیونٹی کا مضبوط ستون ہیں اور ہر فلاحی کام میں سب سے آگے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدقہ و خیرات انسان کو دلی سکون عطا کرتی ہے اور یہی صدقۂ جاریہ ہے۔ انہوں نے تعلیم کو قوموں کی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک اچھی تعلیم ہی معاشرے کو آگے لے جا سکتی ہے۔

اشرف لودھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ محبوب اور سلیم چودھری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے اور انسان کو ہمیشہ دوسروں کی دعاؤں اور تعاون کی ضرورت رہتی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے این ای ڈی ایلومنائی کی نمائندگی کرتے ہوئے عمران سواتی کو خطاب کی دعوت دی۔

عمران سواتی نے کہا کہ تعلیم لوگوں اور سرحدوں کو آپس میں جوڑنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این ای ڈی ایلومنائی نے کینیڈا کی جامعات، خصوصاً ٹی ایم یو کے ساتھ روابط قائم کیے ہیں اور مختلف پی ایچ ڈی پروگراموں میں شراکت داری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مستحق طلبہ کیلئےاسکالرشپس اور مقامی کمیونٹیز میں تکنیکی تعلیم کے پروگرام بھی جاری ہیں، کیونکہ تعلیم ہی کامیابی کا اصل راستہ اور سیاسی و سماجی شعور کی بنیاد ہے۔

اس موقع پر ظہور بھٹہ نے اپنا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق سیالکوٹ، پاکستان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار کیے جانے والے فٹ بال دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دوست خواجہ مسعود کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ ان کی فیکٹری میں تیار کیا گیا فٹ بال فیفا ورلڈ کپ 2026 میں استعمال کیا گیا۔

پروگرام کے منتظم محبوب نے بتایا کہ یہ مسلسل چوتھا فیفا ورلڈ کپ ہے جس میں پاکستان میں تیار کیا گیا فٹ بال استعمال ہوا، جو پوری پاکستانی قوم کیلئےباعثِ فخر ہے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنیوالے تمام مہمانوں، خصوصاً الیاس صاحب اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔کینیڈا میں فیفاورلڈکپ 2026 کی کوریج کیلئےامریکہ اورپاکستان سے آنیوالےصحافیوں نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی.