گلگت(الیکشن مانیٹرنگ رپورٹس، مقامی میڈیا)گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اب تک سب سے آگے نظر آ رہی ہے۔
اب تک مکمل ہونے والے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 3 نشستوں پر کامیاب ہو چکی ہے، جبکہ 2 نشستیں آزاد امیدواروں نے جیت لی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور مجلس وحدت المسلمین نے ایک، ایک نشست حاصل کی ہے۔
جی بی اے 3 گلگت-3 میں آزاد امیدوار سید سہیل عباس 7877 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے آفتاب حیدر ایڈووکیٹ 7360 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
جی بی اے 4 نگر میں پیپلز پارٹی کے محمد علی اختر 7670 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ اسلامی تحریک پاکستان کے محمد ایوب وزیری 6566 ووٹ حاصل کر سکے۔
جی بی اے 7 اسکردو-1 میں پیپلز پارٹی کے سید توقیر مہدی 4500 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے راجہ جلال حسین خان دوسرے نمبر پر رہے۔
جی بی اے 8 اسکردو-2 میں مجلس وحدت المسلمین کے محمد کاظم 10474 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے سید محمد علی شاہ 10118 ووٹ حاصل کر سکے۔
جی بی اے 9 اسکردو-3 میں پیپلز پارٹی کے فدا محمد ناشاد 6314 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ آزاد امیدوار وزیر محمد سلیم دوسرے نمبر پر رہے۔
جی بی اے 22 گھانچے-1 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد ابراہیم ثنائی 9308 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے عاشق حسین دوسرے نمبر پر رہے۔
جی بی اے 24 گھانچے-3 میں آزاد امیدوار اسد شفیق 8092 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب متعدد حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق جی بی اے 2 گلگت-2 میں مسلم لیگ (ن) کے حفیظ الرحمان برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ جی بی اے 12 شگر میں پیپلز پارٹی کے عمران ندیم نمایاں برتری کے ساتھ آگے ہیں۔
اسی طرح ہنزہ، استور، دیامر اور غذر کے کئی حلقوں میں آزاد امیدوار، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، مجلس وحدت المسلمین اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔
گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 جنرل نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں اترے، جن میں 396 مرد اور 8 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، جبکہ حتمی سرکاری نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے بعد میں کیا جائے گا۔

