پشاور(نمائندہ خصوصی)خیبر پختونخوا کے وزیرِ اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابی عمل کا آخری اور اہم مرحلہ شروع ہو چکا ہے اور اب ووٹ کے تحفظ کا وقت آ گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے انتخابات پر اپنے ردعمل میں شفیع جان نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے نتائج مرتب ہونے کے عمل پر گہری نظر رکھیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ میدانِ عمل میں پاکستان تحریک انصاف کو دیگر سیاسی جماعتوں پر واضح برتری حاصل ہے اور عوامی حمایت اس کے حق میں نظر آ رہی ہے۔
وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران دیگر سیاسی جماعتوں کے پولنگ کیمپوں میں خاص سرگرمی دکھائی نہیں دی، جبکہ اب تک موصول ہونے والے متعدد فارم 45 کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی نتائج کے مکمل اور شفاف اعلان تک عوام کو صورتِ حال پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ ان کے ووٹ کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

