گلگت(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے عام انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان کرتے ہوئے 24 میں سے 21 حلقوں کے نتائج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے 9 نشستیں حاصل کی ہیں، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 6 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے 4 نشستیں حاصل کیں، مجلس وحدت مسلمین ایک نشست جیتنے میں کامیاب ہوئی جبکہ ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب قرار پایا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جی بی اے 9 اسکردو 3، جی بی اے 15 دیامر 1 اور جی بی اے 17 دیامر 3 کے نتائج بعد میں جاری کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے خواتین کی 6 اور ٹیکنوکریٹس کی 3 مخصوص نشستوں کی تقسیم بھی کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان 9 مخصوص نشستوں میں سے پاکستان پیپلز پارٹی کو 4، پاکستان مسلم لیگ (ن) کو 3 جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کو 2 نشستیں دی گئی ہیں۔
سرکاری نتائج کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت اور رابطوں کا سلسلہ مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔

