ہرمز میں بحری آمدورفت بحال، تیل کی عالمی قیمتیں ایران جنگ سے پہلے کی سطح پر آگئیں

لندن(گارڈین،نیوزایجنسیاں)آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت بحال ہونے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایران جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس آ گئی ہیں۔

برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت کم ہو کر تقریباً 72 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے، جس سے توانائی کے عالمی بحران کے خدشات میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی کے دباؤ میں بھی کمی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، کیونکہ ایندھن کی لاگت کم ہونے سے نقل و حمل اور صنعتی اخراجات پر مثبت اثر پڑ سکتا ہے۔

ادھر یورپ اور امریکا کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی تیزی ریکارڈ کی گئی، جس کی ایک اہم وجہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سے متعلق خدشات میں کمی اور توانائی کی سپلائی معمول پر آنے کو قرار دیا جا رہا ہے۔