واشنگٹن ( بین الاقوامی میڈیا، وائٹ ہاؤس)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ آج صبح سے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کیلئے کوششوں کا آغاز کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ امریکا ’’پراجیکٹ فریڈم‘‘ کا آغاز مشرق وسطیٰ کے وقت کے مطابق آج صبح سے کرے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے نمائندے ایران کے ساتھ مثبت بات چیت کر رہے ہیں اور یہ عمل سب کیلئے انتہائی سودمند ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیرجانبدار ممالک کے جہازوں کو ہرمز سے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا، اور یہ اقدام امریکا، مشرق وسطیٰ اور خاص طور پر ایران کی جانب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت کیا جا رہا ہے، جو فریقین کے درمیان خیرسگالی کو فروغ دے سکتا ہے۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اس انسانی ہمدردی کے عمل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا، جبکہ کئی غیر متعلقہ ممالک نے بھی امریکا سے مدد طلب کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہرمز میں پھنسے متعدد جہازوں میں خوراک اور دیگر بنیادی اشیاء کی کمی پیدا ہو چکی ہے۔تاہم اس حوالے سے وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون کی جانب سے فوری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

