ٹیگوسیگالپا ( رائٹرز)وسطی امریکی ملک ہونڈوراس میں مسلح افراد کے دو مختلف حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں 6 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ہونڈوراس نیشنل پولیس کے ترجمان ایڈگارڈو باراہونا کے مطابق پہلا واقعہ شمالی ہونڈوراس کی ٹروجیلو میونسپلٹی میں ایک فارم ہاؤس پر پیش آیا جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کم از کم 10 مزدوروں کو قتل کردیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ علاقہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں کئی دہائیوں سے زرعی زمینوں کے تنازع پر کشیدگی جاری ہے۔دوسرا حملہ گوئٹے مالا کی سرحد کے قریب کورٹیس ڈپارٹمنٹ کی اوموا میونسپلٹی میں ہوا جہاں حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق حملے میں 6 اہلکار ہلاک ہوئے جن میں ایک سینئر افسر بھی شامل ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اہلکار جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی کیلئے دارالحکومت ٹیگوسیگالپا سے اوموا جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کیا گیا۔
پولیس ترجمان ایڈگارڈو باراہونا نے بتایا کہ ٹروجیلو حملے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد تاحال واضح نہیں کیونکہ بعض متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی لاشیں موقع سے لے گئے ہیں۔وزارتِ سیکیورٹی کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات کیلئے فرانزک ماہرین، پراسیکیوٹرز اور تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ قومی پولیس اور مسلح افواج متاثرہ علاقوں میں کارروائی کریں گی۔

