یروشلم:نیتن یاہو کا جنوبی لبنان میں بمباری اور انخلا کاحکم

یروشلم/بیروت(عرب میڈیا، بین الاقوامی رپورٹس) نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقے ضاحیہ پر حملوں کی ہدایت جاری کر دی ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے 7 دیہات کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان دیہات میں ہومین الفوقا، بنافول، عرب سالم، رومین، عازہ، ارکی اور جباع شامل ہیں۔فوجی ترجمان کے مطابق شہریوں کو کم از کم ایک ہزار میٹر دور منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ ان علاقوں کو نشانہ بنانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ کو بھی خالی کرنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر حزب اللہ کی جانب سے حملے جاری رہے تو جوابی کارروائی کی جائیگی۔اسی دوران جھڑپوں میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، مجموعی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 25 تک پہنچ گئی ہے۔

بین الاقوامی سطح پر مختلف ممالک نے صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ امریکا، جرمنی، برطانیہ، مصر اور قطر نے فریقین سے کشیدگی کم کرنے اور حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ فرانس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔ماہرین کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے میں وسیع تر انسانی بحران کا باعث بن سکتی ہے۔