یروشلم (بین الاقوامی خبر ایجنسیاں)اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے خلاف جاری کرپشن کیس کی آئندہ سماعت کو دو ہفتوں کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست دے دی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق نیتن یاہو کے وکیل کی جانب سے عدالت کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث وزیرِاعظم فوری طور پر عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسرائیل اور پورے خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کم از کم دو ہفتے کی مہلت دی جائے تاکہ وہ عدالتی کارروائی میں شرکت کر سکیں۔
نیتن یاہو کے خلاف 2020 سے جاری اس مقدمے کی سماعت اتوار سے دوبارہ شروع ہونا تھی، تاہم اس سے قبل بھی جنگی صورتحال کے باعث عدالتی کارروائی کو عارضی طور پر معطل کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیرِاعظم پر رشوت، فراڈ اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سنگین الزامات عائد ہیں، جن کی وہ مسلسل تردید کرتے رہے ہیں۔

