ریاض (رائٹرز/انادولو ایجنسی) سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحادی فورس نے کہا ہے کہ یمن سے داغے گئے حوثیوں کے بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے تباہ کر دیا۔
اتحادی فورس کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثی گروپ نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام خطرات کو ناکام بنا دیا۔
حوثیوں کی جانب سے یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب اس سے چند گھنٹے قبل صنعاء انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ حوثیوں نے اس حملے کا الزام سعودی عرب پر عائد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ سعودی عرب کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا، جبکہ یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس کی افواج نے ایرانی طیارے کو اترنے سے روکنے کے لیے رن وے کو نشانہ بنایا تھا۔
سعودی حکام کی جانب سے حوثیوں کے اس الزام پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم اتحادی فورس کا کہنا ہے کہ مملکت کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔

