ابوظہبی(وام، رائٹرز)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اتوار کی صبح ملک کو درپیش ممکنہ میزائل اور ڈرون خطرات کے پیش نظر اپنا فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیا۔
حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں سنائی دینے والی دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائلوں اور ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کرنے کی کارروائیوں کا نتیجہ تھیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔
متحدہ عرب امارات کے نیشنل ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ایم اے) نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں کسی تشویش ناک صورتِ حال کے آثار نہیں اور تمام متعلقہ ادارے مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مجموعی صورتحال مکمل طور پر مستحکم ہے، ملک بھر میں نگرانی اور ہنگامی ردعمل کا نظام چوبیس گھنٹے فعال ہے، جبکہ ممکنہ میزائل خطرات کو اماراتی سرحدوں سے باہر ہی ناکام بنا دیا گیا ہے۔

