اسلام آباد عالمی سفارتی مرکز

جنوبی ایشیا کی تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی بساط پر پاکستان ایک با پھر اہم، فعال اور مؤثر کھلاڑی کے طور پر ابھر رہا ہے۔ حالیہ سفارتی سرگرمیوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ اسلام آباد نے اپنی خارجہ پالیسی کو متوازن، حقیقت پسندانہ اور کثیرالجہتی حکمت عملی میں ڈھال دیا ہے۔ پاکستان کا کردار اب صرف علاقائی ریاست تک محدود نہیں رہا بلکہ وہ عالمی سطح پر ذمہ دار ثالث اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔

تازہ پیش رفت کے تناظر میں اسلام آباد ایک ممکنہ عالمی سفارتی مرکز کے طور پر ابھرتا دکھائی دے رہا ہے، جہاں امریکہ اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات کا دوسرا دور متوقع ہے ۔ اگر یہ پیش رفت عملی صورت اختیار کرتی ہے تو یہ نہ صرف پاکستان کے سفارتی وقار میں غیر معمولی اضافہ ہوگا بلکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی جانب بڑی پیش رفت بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ کسی بھی دو متحارب یا متحفظ قوتوں کا ایک ہی میز پر آنا بذاتِ خود ایک بڑی کامیابی تصور کیا جاتا ہے اور اگر یہ عمل پاکستان کی میزبانی میں ہو تو اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

پاکستان کی خارجہ پالیسی کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا توازن ہے۔ ایک جانب امریکہ کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھتے ہوئے اعتماد کی فضا قائم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تو دوسری جانب چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ اسی طرح ترکی، سعودی عرب، قطر اور مصر جیسے اہم علاقائی ممالک کے ساتھ قریبی روابط بھی مضبوط کیے جا رہے ہیں۔ یہ متنوع اور متوازن تعلقات اس امر کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کسی بلاک کی سیاست کا حصہ بننے کے بجائے خودمختار اور متوازن خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

حالیہ دنوں میں اعلیٰ سطحی سفارتی روابط میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب، قطر اور ترکی اور عسکری قیادت کے ایران میں اہم ملاقاتوں نے اس تاثر کو تقویت دی ہے کہ پاکستان کسی بڑے سفارتی اقدام کی تیاری کر رہا ہے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد نہ صرف علاقائی استحکام کو یقینی بنانا ہے بلکہ مختلف عالمی اور علاقائی طاقتوں کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ دینا بھی ہے۔

ایران کی جانب سے پاکستان کو قابلِ اعتماد اور محفوظ سفارتی مقام کے طور پر ترجیح دینا بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ اعتماد پاکستان کی غیر جانبدارانہ پالیسی، سفارتی سنجیدگی اور خطے میں اس کی مثبت ساکھ کا مظہر ہے۔ اگر امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا یہ سلسلہ کامیابی سے آگے بڑھتا ہے تو اس کے اثرات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی سیاست پر بھی مرتب ہوں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات بھی قابلِ توجہ ہیں، جن میں انہوں نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اس امکان کا اظہار کیا ہے کہ اگر امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ اسلام آباد میں طے پاتا ہے تو وہ خود پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں۔ ان کا یہ بیان پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کا اعتراف ہے اور اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ عالمی طاقتیں پاکستان کے کردار کو سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایک بار پھر تعریف اس بات کی غماز ہے کہ پاکستان کی قیادت کو مؤثر اور قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

تاہم، اس تمام تر مثبت پیش رفت کے باوجود چیلنجز کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ خطے کی پیچیدہ سیاست، بڑی طاقتوں کے باہمی مفادات، اور پاکستان کے داخلی معاشی و سیاسی مسائل ایسے عوامل ہیں جو اس سفارتی سفر کو متاثر کر سکتے ہیں۔ پاکستان کو نہایت دانشمندی، احتیاط اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی پالیسیوں کو آگے بڑھانا ہوگا تاکہ کسی بھی ممکنہ دباؤ یا تنازع سے بچا جا سکے۔

آ نے والے دن واقعی پاکستان کی تاریخ میں اہم موڑ ثابت ہو سکتے ہیں۔ اگر اسلام آباد میں ہونے والے ممکنہ مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف خطے میں امن کی نئی راہیں کھولیں گے بلکہ عالمی سطح پر بھی مثبت مثال قائم کریں گے۔ یہ وہ لمحہ ہے جسے پاکستان کو نہ صرف سنبھالنا ہے بلکہ اسے اپنی مستقل سفارتی کامیابی میں تبدیل کرنا ہے۔

پاکستان آج ایک ایسے مقام پر کھڑا ہے جہاں اس کے فیصلے نہ صرف اس کے اپنے مستقبل بلکہ پورے خطے کے استحکام پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ اگر یہی سفارتی رفتار اور توازن برقرار رہا تو بعید نہیں کہ پاکستان عالمی سیاست میں مستقل اور فیصلہ کن کردار ادا کرنے والے ممالک میں شامل ہو جائے۔