تل ابیب( بین الاقوامی میڈیا، امریکی نیوز ویب سائٹ رپورٹس)اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد میں اہم انتظامی تبدیلی سامنے آئی ہے، جہاں ایران میں مبینہ “رجیم چینج” منصوبے میں ناکامی کے بعد نئے سربراہ نے نائب سربراہ کو برطرف کر دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق موساد کے نئے سربراہ رومن گفمین نے منگل کے روز ہی ادارے کی قیادت سنبھالی تھی اور عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد یہ بڑا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موساد کی انٹرنیشنل ریلیشنز برانچ کے سربراہ نے پیر کے روز استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد ادارے میں مزید ممکنہ تبدیلیوں اور استعفوں کی بھی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔امریکی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق برطرف کیے گئے نائب سربراہ کو گزشتہ برس سیکڑوں ایجنٹس اور بھاری مالی وسائل فراہم کیے گئے تھے، جن میں تقریباً ایک ارب شیکل کے فنڈز بھی شامل تھے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ برطرف ہونے والے نائب سربراہ کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور اسے صرف حرف “اے” سے منسوب کیا گیا ہے۔تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے اس خبر کی باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، اور نہ ہی ایران میں “رجیم چینج ناکامی” کے دعوے پر کوئی سرکاری مؤقف سامنے آیا ہے۔

