بھارت: منی پور میں 2 خواتین کے قتل کے بعد شدید فسادات، 2 مکانات نذرِ آتش

نئی دہلی (دکن ہیرالڈ، بھارتی میڈیا) شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں ایک بار پھر شدید فسادات پھوٹ پڑے ہیں۔ 2 کوکی خواتین کے قتل کے بعد مسلح افراد نے 2 مکانات کو نذرِ آتش کردیا جبکہ شدید فائرنگ کا سلسلہ تقریباً 6 گھنٹے جاری رہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منی پور میں حالیہ پرتشدد واقعات کے دوران کئی دیہاتی لاپتہ ہوگئے ہیں، جبکہ علاقے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

دکن ہیرالڈ کے مطابق مئی 2023 میں شروع ہونے والے میتی اور کوکی برادریوں کے تنازع میں اب تک کم از کم 306 افراد ہلاک، 49 لاپتہ اور ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

منی پور میں جاری نسلی تنازع کے باعث بڑے پیمانے پر انسانی بحران پیدا ہوا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے ماہرین اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت میں اقلیتوں کے حقوق اور منی پور میں جاری نسلی تشدد پر متعدد بار تشویش کا اظہار کرچکی ہیں۔