راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو اڈیالہ جیل کے قریب داہگل کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک انڈا مارا گیا. جس کے بعدموقع پر موجود پولیس نے ڈرائیورکو گاڑی میں بٹھاکرانڈہ پھینکنے والی دونوں خواتین سمیت فرارکروادیا.
واقعہ اس وقت پیش آیا جب علیمہ خان صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں۔ انڈا لگنے کے بعد افراتفری مچ گئی اور علیمہ خان اپنی گفتگو ادھوری چھوڑ کر گاڑی میں بیٹھ گئیں۔پولیس کے مطابق دونوں خواتین واقعے کے فوراً بعد اپنی گاڑی میں جا بیٹھیں، تاہم پی ٹی آئی کارکن مشتعل ہوگئے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس انسپکٹر سجاد الحسن نے بتایا کہ انڈا پھینکنے والی خواتین کا تعلق پی ٹی آئی ہی سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اور آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے کارکنان اپنے مطالبات کے سلسلے میں احتجاج کیلئےراولپنڈی آئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق خواتین نے سوالات کے جواب نہ ملنے پر علیمہ خان پر انڈا پھینکا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث خواتین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

