روس کا یوکرین میں اسٹیل ملز، بجلی گھروں اور تجارتی جہازوں پر حملوں کا دعویٰ

ماسکو (رائٹرز)روسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین میں بنیادی ڈھانچے، بجلی کی تنصیبات، اسٹیل ملز، گاڑیوں کی مرمت کی فیکٹری اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ روسی حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد یوکرین کی فوج کو فراہم کیے جانے والے اسلحے، فوجی سازوسامان اور دیگر رسد کی فراہمی متاثر کرنا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روسی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ حملوں میں کریوی ریگ میں آرسلور متل کے اسٹیل کارخانے، ژیتومیر اور تیرنوپل میں بجلی کے ذیلی مراکز، زاپوریژیا میں اسٹیل پلانٹ اور لوٹسک میں گاڑیوں کی مرمت کی فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔

روسی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بحیرہ اسود میں اوڈیسا کے قریب فوجی سازوسامان لے جانے والے تجارتی جہازوں پر حملے کیے گئے۔روسی وزارتِ دفاع کے مطابق ان کارروائیوں کا ہدف یوکرین کے فوجی اور صنعتی شعبے سے منسلک تنصیبات اور رسدی نظام تھے۔ تاہم حملوں سے ہونے والے نقصان، ممکنہ جانی نقصان اور روسی دعوؤں کی آزادانہ تصدیق کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔