مسی ساگا جیسے بڑے شہرکو بھی سب وے اسٹیشنز ملنے چاہئیں: بونی کرومبی

مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) مسی ساگا کی سابق میئر، رکنِ پارلیمنٹ اور اونٹاریو لبرل پارٹی کی رہنمااور مئیرکی امیدوار بونی کرومبی نے شہر میں عوامی نقل و حمل کی سہولتیں بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسی ساگا کو بھی سب وے اسٹیشنز ملنے چاہئیں، جس کے ذریعے شہریوں کو اہم تجارتی مراکز، اسپتالوں اور شہر کے وسطی علاقوں تک آسان رسائی فراہم کی جاسکے۔

مسی ساگا کے مقامی ریسٹورنٹ میں بونی کرومبی کے اعزاز میں منعقدہ میٹ اینڈگریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واؤگھن میں سب وے اسٹیشنز موجود ہیں، جبکہ مارکھم اور رچمنڈ ہل میں بھی سب وے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسی ساگا بھی بڑا شہر ہے اور یہاں کے شہریوں کو بھی جدید سفری سہولتوں کا حق حاصل ہے۔

بونی کرومبی نے کہا کہ ان کا منصوبہ ہے کہ کِپلنگ سے شیروے گارڈنز تک سب وے لائن قائم کی جائے، جس کے بعد اسے مسی ساگا کے نئے اسپتال اور شہر کے وسطی علاقے تک توسیع دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیروے گارڈنز کے قریب بحالی کے اسپتال میں بستروں کی تعداد بڑھائی گئی ہے اور اس کی تزئین و آرائش بھی کی گئی ہے، جبکہ مسی ساگا میں ایک نیا علاقائی اسپتال بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہورونٹیریو اور کوئینز وے کے مقام پر تعمیر ہونے والا نیا اسپتال نہ صرف مسی ساگا بلکہ اوک ول، ٹوبیکو اور برامپٹن سمیت آس پاس کے علاقوں کے شہریوں کو بھی طبی سہولتیں فراہم کریگا۔ ان کے مطابق اسپتال کی عمارت 22 منزلہ ہوگی، اس کا رقبہ تقریباً 30 لاکھ مربع فٹ ہوگا اور اس میں ایک ہزار اضافی بستروں کی گنجائش پیدا کی جائے گی، جس کے بعد بستروں کی مجموعی تعداد تقریباً 1600 ہوجائے گی۔

بونی کرومبی نے کہا کہ نئے اسپتال تک سب وے کی رسائی شہریوں کیلئے ایک اہم سہولت ثابت ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق مسی ساگا کے وسطی علاقے میں تقریباً 60 ہزار افراد رہتے ہیں اور وہاں بڑی تعداد میں ملازمتیں بھی موجود ہیں، اسلئے شہریوں کو تیز رفتار اور بہتر عوامی سفری نظام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مڈٹاؤن اور ڈاؤن ٹاؤن مسی ساگا کو بھی جدید عوامی نقل و حمل کے نظام سے منسلک کرنا ان کے منصوبے کا حصہ ہے۔

تقریب کے میزبان کینیڈین کرسچن آف پاکستانی ڈائسپورا کے چیئرمین شہزاد منشی تھے۔ عشائیے میں پادری ندیم صادق، پادری بابر الہدیٰ، پادری رابن سکھو، احسن کھوکھر، عارف سراج، ڈیوڈ زبدی، جان پال، قیصر ڈار، وکی جسٹن اور انجم بھٹی شامل تھے۔