ریاض (سعودی وزارتِ داخلہ) سعودی عرب میں مسجد کے اندر نازیبا حرکات کے الزام میں ایک بنگلادیشی مرداورخاتون کو سزائے موت دے دی گئی۔ سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق دونوں سزاؤں پر 14 اکتوبر کو مکہ مکرمہ ریجن میں عمل درآمد کیا گیا۔
وزارتِ داخلہ نے سزائے موت پانے والوں کی شناخت نذرالاسلام عبدالبصیر اور سیتی اختر کے ناموں سے کی ہے۔ بیان کے مطابق سعودی سکیورٹی حکام نے دونوں کو موقع پر گرفتار کیا تھا، جس کے بعد تحقیقات کے دوران ان کیخلاف الزامات عائد کیے گئے اور مقدمہ متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق عدالت نے الزامات ثابت ہونے پر دونوں کو سزائے موت سنائی۔ حکام نے جرم کی سنگینی اور مقدس مقام کی حرمت پامال کرنے کو سزا کی وجہ قرار دیا۔ تاہم سعودی حکام نے اپنے بیان میں مسجد کا نام اور گرفتاریوں کی تاریخ ظاہر نہیں کی۔
دوسری جانب سزاؤں پر عمل درآمد سے قبل اطلاع نہ دیے جانے کے معاملے پر جدہ میں بنگلادیشی سفارتی مشن نے سعودی وزارتِ خارجہ سے باضابطہ رابطہ کیا ہے۔
بنگلادیشی قونصل خانے کے ایک عہدیدار کے مطابق سعودی حکام نے قونصل خانے کو سزاؤں پر عمل درآمد سے پہلے مطلع نہیں کیا تھا۔ عہدیدار نے بتایا کہ اس معاملے کی باضابطہ تصدیق حاصل کرنے کیلئے سعودی وزارتِ خارجہ کو سفارتی مراسلہ بھی ارسال کیا گیا ہے۔

