بسنت کا نوٹیفکیشن ہی نہیں تو درخواست کیسے قابلِ سماعت ہے؟ لاہور ہائیکورٹ

لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بسنت 2027ء کے 10 روزہ انعقاد کے خلاف دائر درخواست کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری نے درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا ان کے پاس وہ نوٹیفکیشن موجود ہے جس میں 10 روزہ بسنت کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہو؟ عدالت نے سوال اٹھایا کہ نوٹیفکیشن کے بغیر درخواست کیسے قابلِ سماعت ہوسکتی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ محض ویب سائٹ پر موجود دستاویزات کی بنیاد پر کوئی حکم جاری نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے مزید کہا کہ نوٹیفکیشن کے بغیر یہ کیسے قرار دیا جاسکتا ہے کہ بسنت انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے؟ درخواست گزار نوٹیفکیشن فراہم کریں تاکہ حکومت سے پوچھا جاسکے کہ آیا یہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے یا نہیں۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض کیوں نہیں لگایا۔ عدالت نے درخواست گزار وکیل سے استفسار کیا کہ کیوں نہ ان پر جرمانہ عائد کردیا جائے۔

بعدازاں عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ متعلقہ نوٹیفکیشن کے ساتھ دوبارہ درخواست دائر کریں۔