تہران (اعلامیہ پاکستانی سفارتخانہ) پاکستانی سفارتخانے نے ایرانی شہر قم میں اپنی نوعیت کے پہلے ایک روزہ قونصلر خدمات کے کیمپ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی حکومت کے تعاون سے یہ کیمپ 22 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔
سفارتخانے کے مطابق کیمپ معلم اسٹریٹ پر واقع صفا ہوٹل میں صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران پاکستانی شہریوں کو قومی شناختی کارڈ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر ضروری قونصلر امور سے متعلق خدمات فراہم کی جائیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قم میں مقیم پاکستانی برادری کو ان کی دہلیز پر ضروری قونصلر خدمات فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں شناختی دستاویزات اور دیگر سہولیات کے حصول کیلئے تہران کا سفر نہ کرنا پڑے۔
سفارتخانے کے مطابق اس سہولت سے سفر کی مشکلات، وقت کے ضیاع اور اضافی اخراجات میں کمی آئے گی۔ سفارتخانہ مستقبل میں بھی قونصلر خدمات کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئےکوششیں جاری رکھے گا۔

